غزہ مذاکرات میں ایران حماس کی مکمل حمایت کرے گا: ایرانی صدر

08:17 PM, 5 Aug, 2026

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ غزہ سے متعلق جاری مذاکرات کے دوران ایران ہر مرحلے پر حماس کی سیاسی قیادت کے ساتھ کھڑا رہے گا اور فلسطینیوں کے فیصلوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

ایرانی ایوانِ صدر کے مطابق صدر پزشکیان نے حماس کے پولیٹیکل بیورو کے سربراہ خلیل الحیہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں غزہ کی تازہ صورتحال اور جاری مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فلسطینی قیادت مذاکرات کے دوران جو بھی فیصلہ کرے گی، ایران اس کی مکمل تائید کرے گا۔

دریں اثنا گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی سے ہونے والے مذاکرات کے بعد حماس نے امن معاہدے کے تحت ہتھیار ڈالنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے اپنا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک حماس مکمل طور پر غیر مسلح نہیں ہو جاتی، اسرائیلی افواج غزہ سے انخلا نہیں کریں گی۔

ادھر حماس نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ اس وقت تک ہتھیار نہیں ڈالے گی جب تک اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی سے مکمل طور پر واپس نہیں چلی جاتی۔

اس دوران اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے منگل کو اپنے بیان میں کہا کہ وہ غزہ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے سے اتفاق نہیں کرتے۔

مزیدخبریں