کراچی: سندھ پولیس نے صوبے بھر میں بغیر نمبر پلیٹس والی گاڑیاں اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اقدام حالیہ مشاہدات کے بعد کیا گیا، جن میں پتہ چلا کہ بڑی تعداد میں گاڑیاں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر چل رہی ہیں۔
آئی جی سندھ کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج، زونل ڈی آئی جیز، ڈی آئی جیز سکھر، لاڑکانہ، حیدرآباد، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد، ڈی آئی جی سی آئی اے، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، حیدرآباد ضلعی ایس ایس پیز اور ایس پی اے وی ایل سی کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسی گاڑیوں کی فوری نشاندہی کریں اور موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت سخت قانونی کارروائی کریں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کی پیش رفت رپورٹ آئی جی پی آپریشنز روم کو بھیجی جائے تاکہ کارروائی کی مانیٹرنگ کی جا سکے۔ آئی جی سندھ نے اس اقدام کو ٹریفک قوانین کی تعمیل اور سیکیورٹی کے لیے انتہائی ضروری قرار دیا ہے۔