واشنگٹن : افغانستان پر پابندیوں میں نرمی کی جانب ایک بڑا اقدام کرتے ہوئے امریکہ نے اب بین الاقوامی بینکوں کو انسانی مقاصد کے لیے ملک میں رقوم کی منتقلی کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ہدایت میں امدادی گروپوں کو طالبان پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے خوف کے بغیر سرکاری اداروں میں اساتذہ اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو تنخواہ دینے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
واشنگٹن میں جاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ امریکی اور غیر امریکی دونوں کمپنیاں افغانستان کو خوراک بھیج سکتی ہیں، اور بینک افغانستان میں خوراک کی ترسیل سے منسلک مالیاتی منتقلی اور دیگر لین دین پر کارروائی کر سکتے ہیں۔
محکمہ خزانہ نے وضاحت کی کہ امریکی پابندیاں خاص طور پر افغانستان کو زرعی اجناس، ادویات اور طبی آلات کی برآمد یا دوبارہ برآمد پر پابندی نہیں لگاتی ہیں۔
محکمہ خزانہ کے دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول نے ایک عام لائسنس بھی جاری کیا جو کہ امریکی افراد کو ان تمام لین دین میں ملوث ہونے کا اختیار دیتا ہے جو عام طور پر زرعی اجناس، ادویات، طبی آلات، متبادل حصوں اور اجزاء کی برآمد یا دوبارہ برآمد کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔