پاکستان کا سلامتی کونسل سےبی ایل اے کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ

09:18 AM, 5 Feb, 2026

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرے۔ پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے یہ مطالبہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں دہشت گردی سے عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔

عاصم افتخار نے کہا کہ افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد، بیرونی سرپرستی اور غیر ملکی مالی معاونت سے چلنے والے دہشت گرد گروہ، جیسے بی ایل اے اور تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، کو نئی طاقت اور معاونت حاصل ہوئی ہے۔ ان کے مطابق، افغان سرزمین پر کارروائیاں کرنے والے ان گروپوں کی فعال حمایت ہمارے مشرقی ہمسائے سے مل رہی ہے، اور یہ پاکستان میں سنگین دہشت گرد حملوں کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محض گزشتہ ہفتے بی ایل اے نے بلوچستان میں متعدد مقامات پر دہشت گردانہ حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جس کے نتیجے میں 48 بے گناہ شہری شہید ہوئے۔

پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی سرکوبی ہو سکے اور امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں