صدر آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف یوم یکجہتی کشمیر پر عوام کے ساتھ حمایت جاری رکھنے کا عہد

10:27 AM, 5 Feb, 2026

اسلام آباد : یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جب دنیا بھر میں پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا ناگزیر ہے۔ صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام گزشتہ 8 دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ثابت قدم ہیں، اور یوم یکجہتی کشمیر کا آغاز شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ہوا تھا۔ ان کی قربانیاں کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کی روشن مثال ہیں۔

صدر پاکستان نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی اور یکطرفہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 فروری کشمیریوں سے یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے اور کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک حل طلب مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی ضامن ہیں۔

شہباز شریف نے بھارتی ہٹ دھرمی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو دہائیوں سے حق رائے شماری سے محروم رکھے ہوئے ہے، اور مقبوضہ کشمیر آج بھی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آزادی کی روشنی کشمیری عوام کا مقدر بن کر رہے گی۔

مزیدخبریں