لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان شاء اللہ کشمیری عوام آزادی کا سورج بہت جلد دیکھیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کے لیے محبت خون کی طرح دوڑتی ہے، اور ہم کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خودارادیت کی شمع کو روشن رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتی ہوں، جن کی جدوجہد نے جنت نظیر وادی کو بھارتی بربریت کے سبب جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
مریم نواز نے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا قانونی کردار ادا کریں، کیونکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور پاکستان ہمیشہ ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا اور ان شاء اللہ کشمیری عوام کا آزادی کا خواب جلد حقیقت بنے گا۔