کیلیفورنیا : یوٹیوب کی طرف سے یہ مسلسل کوشش کی جا رہی ہے کہ مفت صارفین کو پریمیئم پلان کی جانب منتقل کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے کمپنی نے یوٹیوب کے ایک مقبول فیچر، بیک گراؤنڈ پلے بیک کی مفت صارفین تک رسائی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق، یوٹیوب نے موبائل براؤزرز پر بیک گراؤنڈ پلے بیک فیچر کو مفت صارفین کے لیے محدود کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ یہ فیچر گوگل کروم میں پہلے ہی پریمیئم صارفین کے لیے دستیاب تھا، لیکن کافی عرصے سے مفت صارفین دیگر موبائل براؤزرز جیسے مائیکرو سافٹ ایج، بریو یا سام سنگ انٹرنیٹ کو استعمال کرکے اس فیچر تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔
اب کئی صارفین نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ فیچر ان کے لیے کام نہیں کر رہا، اور گوگل نے اس بارے میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر اقدامات کر رہے ہیں۔ کچھ صارفین ابھی بھی اس فیچر کو استعمال کر رہے ہیں، لیکن جلد ہی یہ ان کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگا۔
یوٹیوب کی جانب سے اس فیچر کے استعمال پر پابندی لگانے کے حوالے سے صارفین کی تنقید پر گوگل نے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ یہ فیچر صرف یوٹیوب پریمیئم کے صارفین کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، لیکن مفت صارفین موبائل براؤزرز کے ذریعے اس تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔ کمپنی نے بتایا کہ اس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔