مریم اورنگزیب کی بسنت فیسٹیول کے دوران شہریوں کو ماحول اور بچوں کے تحفظ کی ہدایات

12:56 PM, 5 Feb, 2026

لاہور : سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بسنت فیسٹیول کے دوران اپنے بچوں اور ماحول کا خاص خیال رکھیں۔ مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ اس دوران موٹر بائیک پر پابندی ہوگی، اور شہریوں کو سڑکوں پر کم سے کم گاڑیاں لانے کی ترغیب دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فری حکومتی ٹرانسپورٹ استعمال کی جائے تاکہ فضائی آلودگی میں مزید کمی کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ان اقدامات کا مقصد بسنت کو محفوظ، منظم اور آلودگی سے پاک ماحول میں منانا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی ڈیٹا کی بنیاد پر سموگ کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے، جبکہ اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ اور جی ایس میپنگ کے ذریعے آلودگی پر مؤثر کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

صوبائی حکومت نے لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کا دعویٰ کیا ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 173 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس بہتری کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے انسدادِ سموگ اقدامات اور عوامی تعاون کے سر جاتا ہے، جس کی بدولت مقامی آلودگی پر مؤثر حد تک قابو پایا جا سکا ہے۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومتی سیاسی عزم اور عوامی تعاون سے ماحولیاتی صورتحال میں بہتری آئی ہے، اور آلودگی کے اسباب کے خاتمے کے لیے جامع ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام صنعتی چمنیوں کی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے اور سموگ کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ ڈرونز اور سی سی ٹی وی کی مدد سے کڑی مانیٹرنگ جاری ہے اور بھٹوں، صنعتی یونٹس اور گاڑیوں کے اخراج پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے، جس کے تحت خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائیاں کی جائیں گی۔

مریم اورنگزیب نے اس بات کا عہد کیا کہ حکومت کا ہدف پورا سال بہتر اے کیو آئی برقرار رکھنا ہے، اور انہوں نے بزرگوں اور بیمار شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزیدخبریں