ریاض : سعودی عرب نے ملک میں موجود لاکھوں اونٹوں کے لیے پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مملکت کے قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام اور نگرانی کی جا سکے۔ سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت نے اس اقدام کا مقصد اونٹوں کے شعبے میں پیداواری صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ قرار دیا ہے۔
وزارت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس منصوبے کا تفصیل سے ذکر کیا اور پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی، جو سبز رنگ کا ہے۔ اس پاسپورٹ پر سعودی عرب کا قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر نمایاں طور پر موجود ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں نقل و حمل کا اہم ذریعہ ہیں، اور آج بھی یہ جانور اپنے مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
اونٹوں کی افزائش ایک منافع بخش صنعت کی صورت اختیار کر چکی ہے، اور سعودی عرب میں ہر سال مختلف تہواروں میں اونٹوں کے حسن کے مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں، جہاں شوقین افراد اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔
وزارت کے مطابق، بعض مواقع پر بددیانت افراد غیر قانونی طریقوں سے اونٹوں کے مقابلوں میں برتری حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اور اس کا سدباب کرنے کے لیے اونٹوں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور پاسپورٹ کا اجرا ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
یہ قدم سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش اور تجارت کے شعبے کو مزید مستحکم کرے گا اور اونٹوں کی اہمیت کو مزید اجاگر کرے گا۔