کشمیری قوم کبھی نہیں جھک سکتی، انہیں تسلط و طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا ، عظمی بخاری

01:46 PM, 5 Feb, 2026

لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت کو طاقت کے ذریعے ختم کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کبھی نہیں جھک سکتی، اور انہیں تسلط و طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہر سال یومِ یکجہتی کشمیر مناتا ہے اور جب بھی کشمیریوں پر ظلم ہوتا ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعظم پاکستان اور میاں نواز شریف کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم دنیا کی سب سے بہادر اور مضبوط قوم ہے، جو "اللہ اکبر" اور "پاکستان زندہ باد" کے نعرے لگاتے ہوئے بھارتی فوج کی گولیوں کا سامنا کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے، اور خواتین بھی بھارتی جارحیت سے محفوظ نہیں ہیں۔ سات دہائیوں سے جاری مظالم کے باوجود، آٹھ لاکھ بھارتی فوج بھی کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکی، اور آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو پاکستان کی جانب سے سلام پیش کیا جاتا ہے اور بھارت کو مقبوضہ کشمیر پر قابض ہوئے 2,375 دن مکمل ہو چکے ہیں، لیکن اس کے باوجود کشمیری آج بھی اپنے حقوق کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا اور کشمیری اپنی سرزمین پر آزادی سے زندگی گزار سکیں گے۔

مزیدخبریں