پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتا رہے گا، وزیراعظم شہباز شریف

02:15 PM, 5 Feb, 2026

مظفرآباد : وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا، اور پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کو غیر قانونی اور یکطرفہ قرار دیا اور کہا کہ کشمیری قوم کبھی بھی اپنے حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوگی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر سابق صدر آزاد کشمیر، بیرسٹر سلطان محمود چودھری کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی روح کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ کشمیری اپنے بچوں تک قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، مگر اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کا حق خود ارادیت پورا ہونے تک پاکستان ان کی مکمل حمایت کرتا رہے گا۔

پاکستان نے بھارت کو معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست دی تھی، اور وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کی مدد، قوم کی دعاؤں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کو شاندار فتح حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی توسیع پسندانہ پالیسی کے باوجود پاکستان کی افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گی جو بھارتی طیاروں کا معرکہ حق میں ہوا تھا۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

وزیراعظم نے آٹھ لاکھ بھارتی فوج کے کشمیر میں تعیناتی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے کو سراہا اور کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے پورے مقبوضہ وادی میں گونج رہے ہیں، اور اس عظیم قربانیوں کے نتیجے میں کشمیر کی آزادی بہت جلد ممکن ہو گی۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے بھی اہم اعلانات کیے، جن میں نوجوانوں کو تکنیکی تعلیم دینے کے لیے مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کا سب کیمپس قائم کرنا اور طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ کی فراہمی شامل ہے۔ وزیراعظم نے مہاجرین کے وظیفہ کو بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کشمیر کاز اور قومی ترقی کے اہداف کو قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق حاصل کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کی موجودگی پر سپیکر چودھری لطیف اکبر نے بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارت کے تسلط سے آزاد ہوں گے۔

مزیدخبریں