ازبکستان کے صدردو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے،آمد پر پرتپاک استقبال

02:56 PM, 5 Feb, 2026

اسلام آباد : ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا استقبال صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کیا۔ صدر شوکت مرزایوف کا نور خان ایئربیس پر پرتپاک استقبال کیا گیا، جہاں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور ثقافتی ملبوسات میں ملبوس بچوں اور بچیوں نے گلدستے پیش کیے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی ہارون اختر خان بھی اس موقع پر موجود تھے، جب کہ ازبک صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ازبک صدر وزیراعظم اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور شوکت مرزایوف کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ ازبک صدر پاک-ازبک بزنس فورم سے خطاب کریں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، دفاعی تعاون، تعلیم، عوامی روابط، اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔

یہ ازبک صدر کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو پاک-ازبک تعلقات میں تیزی سے بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق کیا جائے گا۔

مزیدخبریں