لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تعلیمی ادارے تمام صوبوں کے طلبہ کے لیے کھلے ہیں اور بلوچستان کے طلبہ ہمارے مہمان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کے طلبہ کے ساتھ امتیازی رویہ نہیں اپنایا جاتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار کسی خاتون کا وزیراعلیٰ بننا خواتین کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ خواتین کسی بھی شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتی ہیں۔
مریم نواز نے عوام کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھنے اور عوام کے ٹیکس کے پیسے عوام پر خرچ کرنے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کے استعمال میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا اور سفارشی کلچر کو ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ہر صوبے کو آبادی کے حساب سے فنڈز دیے جاتے ہیں اور یہ غلط فہمی کہ پنجاب کو سب سے زیادہ پیسہ ملتا ہے، درست نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں 10 ہزار بچوں کی دل کی سرجری کی گئی، جس میں دوسرے صوبوں کے بچے بھی شامل تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کی یکجہتی کے لیے گروپوں میں تقسیم ہونے سے بچنے کی تلقین کی اور کہا کہ کسی بہکاوے میں نہیں آنا چاہیے کہ ایک صوبے کے پاس زیادہ یا کم پیسہ ہے۔