نگران وزیراعلی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج بلانے پر اتفاق

12:48 AM, 5 Jun, 2018

لاہور:پنجاب میں نگران وزیراعلی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج بلانے پر اتفاق کر لیا , تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نگراں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال اور اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

ملاقات کے دوران پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج 2 بجے پنجاب اسمبلی میں بلانے پر اتفاق کیا گیا ہے ، تحریک انصاف کی طرف سے میاں محمود الرشید، سبطین خان اور شعیب صدیقی پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔

مسلم لیگ ن نے ملک احمد خان، رانا ثنااللہ اور خواجہ عمران نذیر کو کمیٹی میں شامل کیا ہے ، تحریک انصاف کی طرف سے ایاز امیر اور حسن عسکری کے نام پیش کیے جائیں گے۔

ن لیگ جسٹس (ر) سائر علی اور سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) ذکا اللہ کا نام دے گی ، پارلیمانی کمیٹی کو 6 جون یعنی بدھ کے روز ہی اس حوالے سے فیصلہ کرنا ہے اگر پارلیمانی کمیٹی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے پہلے شہباز شریف اور میاں محمود الرشید کی جانب سے سابق چیف سیکریٹری ناصر کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بعد میں یہ نام واپس لے لیا جس پر شدید تنقید کی گئی ، تحریک انصاف نے بعد میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے جو نام پیش کیے ، اس پر پی ٹی آئی رہنما محمود الرشید اور فواد چوہدری آمنے سامنے بھی آگئے تھے۔

مزیدخبریں