کینیڈا کے جنگلات میں آگ بے قابو، 200 سے زائد مقامات لپیٹ میں، ہزاروں افراد بے گھر

12:14 AM, 5 Jun, 2025

اوٹاوا: کینیڈا کے مختلف صوبوں میں جنگلات کی آگ سنگین صورت اختیار کر گئی ہے، جس نے اب تک 200 سے زائد مقامات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور 27 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، آگ برٹش کولمبیا، کیوبیک اور البرٹا تک پھیل چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس خطرناک صورتحال کی بنیادی وجوہات میں موسمیاتی تبدیلی اور شدید خشک سالی شامل ہیں۔ آگ سے نکلنے والا دھواں اب سرحد پار امریکا کی جانب بھی بڑھ رہا ہے، جس پر امریکی ایمرجنسی حکام نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی حکام نے صوبہ البرٹا میں امدادی ٹیمیں روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مقامی حکام کو ریسکیو اور آگ بجھانے کے عمل میں مدد فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں