اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی آلودگی میں ہمارا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔
صدر نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی جیسے موسمی اثرات نے لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، اور یہ صورتِ حال اب خطرناک رخ اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کاربن اخراج دنیا بھر میں ایک فیصد سے بھی کم ہے، اس کے باوجود ہم ان اثرات کا سب سے زیادہ سامنا کر رہے ہیں۔
صدر زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور یہ کوششیں ملک کے ترقیاتی منصوبے "اُڑان پاکستان" سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے عوام اور اداروں کو مشورہ دیا کہ ہمیں پلاسٹک کے استعمال میں کمی، درخت لگانے، ری سائیکلنگ اور ماحول دوست پالیسیوں کو اپنانا ہوگا۔
صدر نے آخر میں کہا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت کی نہیں، ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور قدرتی وسائل کا محتاط استعمال ہی ہماری آنے والی نسلوں کو محفوظ بنا سکتا ہے۔