بھارت کے "پانی کے غرور" کو اب خاک میں ملا دیا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

03:10 PM, 5 Jun, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں بھارت کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ سندھ طاس معاہدے کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے "پانی کے غرور" کو اب خاک میں ملا دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے یہ بات اسلام آباد میں آبی ذخائر سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیوں کو عالمی سطح پر مسترد کر دیا گیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ وفاق اور صوبے مل کر ایسا مضبوط لائحہ عمل مرتب کریں، جس پر آنے والی نسلیں فخر کریں۔

شہباز شریف نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور پانی کو بطور سیاسی ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ رویہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بلکہ خطے میں امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے پانی سے متعلق بیانیے اور تکبر کو بھی شکست دی جائے گی، جیسے اسے میدان جنگ میں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے آج آبی وسائل پر سنجیدہ فیصلے نہ کیے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی آبی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ زندہ قومیں صرف حال نہیں بلکہ مستقبل کے لیے بھی سوچتی ہیں، اور پاکستان بھی اسی راہ پر گامزن ہے۔

مزیدخبریں