"بھلے سزا معطلی کی درخواست نہ لگائیں لیکن کم از کم ضمانت دے دیں"، عید سے پہلے بانی کی رہائی ناممکن، پی ٹی آئی کی امیدیں دم توڑ گئیں

07:48 PM, 5 Jun, 2025

اسلام آباد: عید سے پہلے بانی کی رہائی ناممکن، پی ٹی آئی کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔اس بارے میں  تحریک انصاف کے رہنماعلی بخاری نے پروگرام نیوز ٹاک یشفین جمال کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  آج عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت بعد از سزا کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر تھیں۔ ہمارا موقف ہے کہ بھلے سزا معطلی کی درخواست نہ لگائیں لیکن کم از کم ضمانت دے دیں۔ 
 نو مئی مقدمات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علی بخاری کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے جو چالان جمع ہوئے ہیں ان میں سی سی ٹی وی فوٹیج بطور ثبوت پیش ہی نہیں کی جا رہی۔
 پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنماء علی گوہر بلوچ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے تمام مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اس وقت۔ پی ٹی آئی والے بڑے شوق سے ہمارے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے ٹیبل پر آئے تھے اور اتنے ہی شوق سے ٹیبل سے اٹھ کر چلے گئے۔ 
پروگرام میں پیپلز پارٹی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے علی گوہر بلوچ کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت ان کی جماعت میں ضم نہیں ہوئی ہے بلکہ ہمیں پورا حق ہے ایک دوسرے پر تنقید کرنے کا۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء نادر گبول کا ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت فوری طور پر حکام کے خلاف کاروائی عمل میں لائی ہے۔ پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ پی ٹی آئی کو اس تحریک سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ 
سمبڑیال ضمنی انتخابات پر گفتگو کرتے ہوئے نادر گبول کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو سپورٹ کرنا ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہم نے ملک چلانا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ ہم اس تعیناتی کے لیے اپنا امیدوار دیں گے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اگلے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ہم سے مشاورت ہو گی۔

مزیدخبریں