گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل: مہم کا وقت آج رات ختم، اتوار کو میدان سجے گا، سیاسی جماعتوں کا آخری پاور شو

09:16 AM, 5 Jun, 2026

گلگت: گلگت بلتستان میں انتخابی معرکے کے لیے سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں اور آج انتخابی مہم کا آخری روز ہے۔ الیکشن کمیشن کے قوانین کے مطابق آج رات 12 بجے کے بعد لاؤڈ اسپیکر، جلسوں اور ریلیاں نکالنے پر مکمل پابندی عائد ہو جائے گی، جس کے بعد اتوار کو عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

انتخابی مہم کے آخری لمحات میں ووٹرز کو اپنے حق میں کرنے کے لیے تمام جماعتوں نے پوری طاقت جھونک دی ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری پچھلے کئی روز سے گلگت بلتستان کے مختلف حلقوں میں موجود ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری آج گلگت میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اپنی مہم کا آخری اور فیصلہ کن پاور شو کریں گے۔

     ن لیگ نے انتخابی مہم کے آخری دن کے لیے سکردو کا انتخاب کیا ہے، جہاں آج ایک بڑا انتخابی جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پارٹی کی مرکزی اور مقامی قیادت ووٹرز کو متحرک کرے گی۔ استحکام پاکستان پارٹی (IPP) بھی انتخابی میدان میں بھرپور انگڑائی لے رہی ہے اور آج مہم کے آخری دن سکردو کی سڑکوں پر ایک بڑی انتخابی ریلی نکال کر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے پرامن پولنگ کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اتوار کو ہونے والے اس بڑے معرکے پر ملک بھر کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں