گلگت بلتستان انتخابات: "فیصلہ کریں گلگت کو کراچی کی طرح کھنڈر بنانا ہے یا لاہور کی طرح ترقی یافتہ؟" ن لیگ کا پی پی اور پی ٹی آئی پر زبردست وار

01:10 PM, 5 Jun, 2026

گلگت :گلگت بلتستان کے عام انتخابات کی مہم کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے سیاسی درجہ حرارت بڑھاتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں پر تند و تیز حملے کیے ہیں اور ووٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ کھوکھلے نعروں کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں۔

گلگت میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر ملک کے بڑے شہروں کو کھنڈر میں تبدیل کرنے والے عوام کے مسائل کبھی حل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کراچی اور لاہور کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا، "آپ نے خود فیصلہ کرنا ہے کہ اس خطے کو کراچی کی طرح کھنڈرات بنانا ہے یا لاہور کی طرح ترقی یافتہ بنانا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں پر حملے کرنے والے ملکی ترقی کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے بھی نام لیے بغیر پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی کارکردگی کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ "گلگت والو! یہ فیصلہ اب آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ نے گلگت کو کراچی بنانا ہے یا لاہور۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان نے اپنے روایتی جارحانہ انداز میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نقل اتاری، جس پر جلسے کے شرکاء نے خوب داد دی۔ انہوں نے کہا کہ "ابھی تو قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف صرف گلگت آئے ہیں، جب وہ کراچی جائیں گے تو مخالفین کو اصل لگ پتہ جائے گا۔" اختیار ولی خان نے پی ٹی آئی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا کو نالائق اور کرپٹ وزیروں کے حوالے کر کے صوبے کا بیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں