گلگت:پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ موجودہ حالات میں ان کی نمائندگی کون بہتر انداز میں کر سکتا ہے، اور اس بار انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے فارم 45 کا مکمل بندوبست کیا جانا چاہیے۔
گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اس بار کسی کو عوام کے ساتھ ناانصافی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق گزشتہ انتخابات میں ووٹوں کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی، اس لیے عوام کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا کہ ان کی حقیقی نمائندگی کون کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کے عوام کی بہترین نمائندگی کی اہل ہے، جبکہ صدر آصف علی زرداری سے بہتر کوئی اور نمائندہ نہیں ہو سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کی بنیاد رکھی جبکہ شہید بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کا آغاز کر کے دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی خودمختاری انہی تاریخی فیصلوں کا نتیجہ ہے۔ ان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے بھی پاک ایران گیس پائپ لائن کی بنیاد رکھی اور غیر ملکی اڈوں کے خاتمے جیسے فیصلے کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کو مضبوط بنانے میں پیپلز پارٹی کا کردار کلیدی رہا ہے اور سی پیک جیسے منصوبے بھی ملک کی معاشی و اسٹریٹجک اہمیت میں اضافہ کرتے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خطے میں اس وقت کشیدہ حالات ہیں، تاہم پاکستانی قیادت، خصوصاً فیلڈ مارشل، امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ یہ سفارتی اور امن کی کوششیں جلد کامیاب ہوں تاکہ عوام کو معاشی ریلیف مل سکے۔