ای سی سی کا بڑا فیصلہ: دفاع، سیف سٹی اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف شعبوں کے لیے اربوں روپے کے فنڈز منظور

07:55 PM, 5 Jun, 2026

اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی دفاعی سکیورٹی، پائیدار ترقی اور مختلف شعبوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے متعدد اہم منصوبوں اور اربوں روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
نمائندہ نیو نیوز اسلام آباد توصیف عباسی کا کہنا ہے کہ اجلاس کے فیصلوں کے مطابق، کمیٹی نے ملک بھر میں پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے 7 ارب 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی ہے۔ ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان نیوی کے اہم 'ہنگور پراجیکٹ' کے لیے 10 ارب 15 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے 'اسلام آباد سیف سٹی توسیعی منصوبے' کے لیے 1 ارب 88 کروڑ 37 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
علاقائی ترقی اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں ای سی سی نے کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر پیکجز کے لیے 8 ارب 75 کروڑ 89 لاکھ روپے منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، گلگت بلتستان کے جاری اخراجات اور ترجیحی منصوبوں کے لیے 4 ارب 37 کروڑ 70 لاکھ روپے اور وہاں موبائل و انٹرنیٹ نیٹ ورک کی بہتری کے لیے ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کی خاطر 18 کروڑ 35 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔
اجلاس میں سرکاری اداروں اور توانائی کے شعبے کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔قومی سکے اور تمغے تیار کرنے والے ادارے 'پاکستان منٹ' کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کے لیے 1 ارب 30 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے۔ پٹرولیم سیکٹر میں پاکستان سٹیٹ آئل (PSO) کی مالیاتی سہولت کو برقرار رکھنے کے لیے 100 ارب روپے تک کی سنڈیکیٹڈ رننگ فنانس سہولت جاری رکھنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ 'سینرجیکو' کے ساتھ معاہدہ تصفیہ کے نظرثانی شدہ فریم ورک کی منظوری دی گئی ہے جس سے ریفائنری اپ گریڈیشن کی راہ ہموار ہوگی۔
علاوہ ازیں، کمیٹی نے پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کی توسیع اور تزئین و آرائش کے منصوبے کے لیے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی ہے۔

مزیدخبریں