ویویو نے دو نئے سمارٹ فونز متعارف کرا دئیے، قیمت کتنی ہے؟

ویویو نے دو نئے سمارٹ فونز متعارف کرا دئیے، قیمت کتنی ہے؟
سورس: فوٹو: بشکریہ ویوو

لاہور: ٹیکنالوجی کمپنی ویوو نے ایس 9 فائیو جی اور ایس 9 ای 5 جی سمارٹ فونز متعارف کرادیئے ہیں جو ویوو ایس 7 کے اپ ڈیٹ ورژن ہیں اور ان میں ہارڈوئیر کو اپ گریڈ کیا گیا ہے یعنی 5 جی کنیکٹویٹی اور دیگر چند چیزوں کو بہتر کر کے پیش کیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ایس 9 فائیو جی میڈیا ٹیک ڈیمینسٹی 1100 پراسیسر سے لیس ہے اور اس میں 6.44 انچ کا ایمولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جو ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ فراہم کرتا ہے۔اس کے فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جس میں 44 میگا پکسل اور 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ سیلفی کیمرا آئی فون جیسے نوچ ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے جبکہ 90 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ بھی موجود ہے۔

یہ  فون 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی سٹوریج کیساتھ دستیاب ہو گا جبکہ بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مرکزی کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے اور اس کیساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرے دیئے گئے ہیں۔ فون کے اندر 4000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ فراہم کرتی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے نئے اوریجن او ایس سے کیا ہے۔

دوسری جانب ایس 9 ای کچھ مختلف ہے جو ڈیمینسٹی 820 پراسیسر سے لیس ہے جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی سٹوریج دی گئی ہے۔ اس کی سکرین ایس 9 فائیو جی جیسی ہی ہے یعنی 6.44 انچ کا ایمولیڈ ڈسپلے لیکن پنج ہول کی جگہ واٹر ڈراپ نوچ میں سنگل 32 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے، فون کا بیک کیمرا سیٹ اپ اور بیٹری بھی ایس 9 فائیو جی جیسے ہی ہیں جبکہ یہ فونز سب سے پہلے چین میں فروخت کیلئے پیش کئے جارہے جس کے بعد دیگر مارکیٹس میں بھی دستیاب ہوں گے۔ 

ایس 9 فائیو جی کا 8 جی بی ریم 128 جی بی سٹوریج والا ماڈل 2999 یوآن (72 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی سٹوریج والا ماڈل 3299 یوآن (80 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔ ایس 9 ای کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی سٹوریج والا ورژن 2399 یوآن (58 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی سٹوریج والا ماڈل 2699 یوآن (65 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔