لاہور: نیوزی لینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب ٹائٹل کے لیے نیوزی لینڈ کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 363 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کیا۔ رچن روندرا اور کین ولیمسن کی شاندار سنچریوں نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ روندرا نے 108 اور ولیمسن نے 102 رنز بنائے، جبکہ گلین فلپس اور ڈیرل مچل نے 49، 49 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی نگیڈی نے 3 اور کاگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ اننگز کے آغاز میں ہی ریان ریکلٹن 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان ٹیمبا باوما اور وینڈر ڈوسن نے 95 رنز کی شراکت داری قائم کی، لیکن باوما 56 اور وینڈر ڈوسن 69 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ ملر نے آخری گیند پر سنچری مکمل کی، لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے، اور جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنا سکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3، جبکہ گلین فلپس اور میٹ ہینری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ رچن روندرا کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی کا فائنل 9 مارچ کو دبئی میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔