مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث فضائی آپریشن شدید متاثر، ہزاروں پروازیں منسوخ

11:44 AM, 5 Mar, 2026

کراچی : مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کی وجہ سے فضائی بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور گزشتہ پانچ دنوں میں 8 ممالک میں منسوخ ہونے والی پروازوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

پاکستان سے مشرق وسطیٰ کے لیے پروازیں مسلسل چھٹے دن بھی متاثر رہیں، اور مجموعی طور پر 145 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے 35، لاہور سے 29، ملتان سے 12، اسلام آباد سے 35، پشاور سے 14، سیالکوٹ سے 12، فیصل آباد سے 6 اور کوئٹہ سے 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

دوسری جانب خلیجی ممالک میں ہنگامی انخلا کے لیے دبئی، ابوظبی اور شارجہ سے 167 خصوصی پروازیں چلائی گئیں۔ ریاض اور دمام میں فضائی آپریشن بھی متاثر ہوئے، جہاں بدھ کو 57 پروازیں منسوخ اور 46 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

مزید برآں دبئی، ابوظبی، شارجہ، کویت، بحرین اور دوحہ سمیت کئی خطے کے ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن شدید متاثر رہا۔ کویت اور دوحہ سے گزشتہ پانچ دنوں میں ایک بھی پرواز آپریٹ نہیں ہو سکی۔

فضائی ڈیٹا کے مطابق ایران کی 240، عراق کی 215، بیروت کی 58، حیفا کی 25 اور تل ابیب کی 380 پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جنگ کے اثرات خطے کے پورے فضائی آپریشن پر واضح ہیں۔

مزیدخبریں