کیلیفورنیا: جیسے جیسے اے آئی ٹیکنالوجی والے ویب براؤزرز کی مارکیٹ میں مقابلہ بڑھ رہا ہے، گوگل نے کروم کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے نئے اقدامات کیے ہیں۔ اوپن اے آئی، پرپلیکسٹی اور دیگر کمپنیوں کے اے آئی براؤزرز کے مقابلے کے لیے گوگل نے اعلان کیا ہے کہ کروم کے نئے ورژنز اب ہر 2 ہفتے بعد جاری کیے جائیں گے۔
گوگل کے مطابق یہ تبدیلی ستمبر 2026 سے نافذ ہوگی، جبکہ اس سے پہلے کروم کے نئے ورژن ہر 4 ہفتے بعد ریلیز ہوتے تھے۔ ہر نئے ورژن میں براؤزر کے استحکام، رفتار اور استعمال میں آسانی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جاتی ہے، اور نئے شیڈول سے صارفین کو نئے ٹولز اور فیچرز تک فوری رسائی ملے گی۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب گوگل کروم کو اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اٹلس جیسے اے آئی براؤزرز سے حقیقی مقابلہ درپیش ہے۔ اے آئی براؤزرز میں مختلف ایجنٹس صارفین کے ٹاسکس کو خودکار طریقے سے انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔