2040 تک 5 سے 19 سال کے تقریباً 22 کروڑ بچوں کا موٹاپے کا شکار ہونے کا خدشہ

02:30 PM, 5 Mar, 2026

لاہور : ورلڈ اوبیسٹی فیڈریشن کی تازہ رپورٹ نے دنیا بھر میں بچوں میں بڑھتے موٹاپے کی جانب توجہ دلائی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اگر جلدی اقدامات نہ کیے گئے تو 2040 تک 5 سے 19 سال کے تقریباً 22 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ 2040 تک تقریباً 12 کروڑ سکول جانے والے بچے دل کے امراض اور ذیابیطس جیسے دائمی بیماریوں کی ابتدائی علامات کا سامنا کریں گے۔ 2025 میں دنیا بھر میں 18 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار تھے۔

چین اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں 6.2 کروڑ بچے موٹاپے کا شکار ہیں، جبکہ بھارت میں یہ تعداد 4.1 کروڑ اور امریکا میں 2.7 کروڑ ہے۔ یورپ میں سب سے زیادہ بحران برطانیہ میں ہے، جہاں 38 لاکھ بچوں کا BMI خطرناک حد تک بلند ہے۔

ورلڈ اوبیسٹی فیڈریشن کی سربراہ جوہانا رالسٹن نے کہا کہ ’’ہمیں پوری نسل کو موٹاپے اور مہلک بیماریوں کا شکار نہیں ہونے دینا چاہیے۔‘‘ عالمی ادارہ صحت کے ماہر ڈاکٹر کریملن وکرما سنگھے نے کہا کہ زیادہ تر حکومتیں فوڈ انڈسٹری کو بچوں کو نشانہ بنانے سے نہیں روک رہی ہیں اور اس مسئلے کے حل کے لیے سیاسی عزم اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں موٹاپے کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی نسلیں شدید صحت کے بحران کا شکار ہو سکتی ہیں۔

مزیدخبریں