لاہور : پنجاب میں پہلی بار وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بیواؤں اور یتیم بچوں کے لیے ایک شفاف ڈیجیٹل نظام تیار کیا ہے۔ اس نظام کے تحت ’وزیراعلیٰ پنجاب رحمت کارڈ‘ کے ذریعے مستحق خاندانوں کو براہِ راست مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں 50 ہزار سے زائد بے آسرا گھرانوں کو یہ امداد ملے گی، جبکہ منصوبے کا باقاعدہ آغاز عید کے فوراً بعد ہوگا۔ بیوہ خواتین کو ایک لاکھ روپے جبکہ یتیم بچوں کو 25،25 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ امداد حاصل کرنے کے لیے موبائل ایپ، ویب پورٹل، کال سینٹر اور آفس آف زکوٰۃ کے ذریعے درخواست دی جا سکتی ہے۔
صوبائی معاون خصوصی برائے عشر و زکوٰۃ راشد نصر اللہ نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ’’پنجاب میں بیواؤں کو خیرات نہیں بلکہ ان کا باوقار حق دیا جائے گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ خواتین خود روزگار کے قابل بنیں اور اپنے بچوں کے ساتھ باوقار زندگی گزار سکیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ایسا صوبہ ہے جہاں ہر فرد کا خیال رکھا جاتا ہے اور رحمت کارڈ پروگرام کے ذریعے بیوہ خواتین اور یتیم بچوں کی مالی خود مختاری کو یقینی بنایا جائے گا۔