آپریشن ’غضب للحق‘ میں تیزی: ارندو سیکٹر میں افغان طالبان کو عبرتناک شکست، پاک فوج کا بڑا ایکشن

03:52 PM, 5 Mar, 2026

اسلام آباد : سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی اور اشتعال انگیزی کے خلاف پاک فوج کا فیصلہ کن ’آپریشن غضب للحق‘ پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، پاک فوج نے زمینی اور فضائی محاذ پر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ارندو سیکٹر میں افواجِ پاکستان کی جانب سے کی گئی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی نے دشمن کے چھکے چھڑا دیے ہیں۔ پاک فوج کے غصے اور پیشہ ورانہ ضرب کا سامنا نہ کرتے ہوئے افغان طالبان اپنی پوسٹوں پر موجود بھاری اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔ کارروائی کے دوران افغان طالبان کے ایک اہم عسکری مرکز کو نشانہ بنا کر اسے مکمل طور پر زمین بوس کر دیا گیا ہے۔
آپریشن غضب للحق کے تحت پاک فوج کے لڑاکا طیاروں اور زمینی دستوں نے مشترکہ کارروائیوں میں دشمن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو مفلوج کر دیا ہے۔ سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ارندو سیکٹر میں حاصل ہونے والی یہ کامیابی فتنہ الخوارج اور ان کے سرپرستوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام یہی ہوگا۔

مزیدخبریں