بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ 'سخوئی 30' ریاست آسام میں لاپتہ، بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع

10:25 PM, 5 Mar, 2026

نئی دہلی/گوہاٹی : بھارتی فضائیہ (IAF) کا جدید ترین لڑاکا طیارہ سخوئی 30 ایم کے آئی (Su-30 MKI) ریاست آسام میں پرواز کے دوران اچانک لاپتہ ہو گیا ہے۔ طیارے کے ریڈار سے غائب ہونے کے بعد دفاعی حکام میں کھلبلی مچ گئی ہے اور دونوں پائلٹس کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، طیارے نے آسام کے ایک ایئربیس سے معمول کی تربیتی پرواز بھری تھی، تاہم اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کا رابطہ زمینی کنٹرول سے ٹوٹ گیا۔ دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کا ریڈار سے آخری رابطہ شام 7 بج کر 42 منٹ پر ہوا، جس کے بعد طیارہ اچانک غائب ہو گیا۔
 طیارہ ریاست آسام کے دور دراز علاقوں کے اوپر پرواز کر رہا تھا جب اس کا سگنل ختم ہوا۔مقامی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق 
ریاست کے ضلع کاربی آنگلونگ کے دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں مقامی افراد نے ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی ہے۔
 خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طیارہ ان پہاڑیوں میں گر کر تباہ ہو گیا ہے، تاہم بھارتی فضائیہ یا سرکاری حکام نے ابھی تک طیارے کے حادثے یا دھماکے کی باقاعدہ تصدیق نہیں کی ہے۔
بھارتی فضائیہ نے لاپتہ پائلٹس اور ملبے کی تلاش کے لیے ہیلی کاپٹرز اور زمینی ٹیمیں روانہ کر دی ہیں۔ علاقہ شدید پہاڑی اور گھنے جنگلات پر مشتمل ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

مزیدخبریں