سپریم کورٹ نے پاناما کیس کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی

اسلام آباد: پاناما کیس کی تفتیش کیلئے سپریم کورٹ کے خصوصی بینچ نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ ایف آئی اے کے واجد ضیاء مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ مقرر جو ایف آئی اے کے گریڈ 21 کے افسر ہیں۔ دیگر اراکین میں سٹیٹ بینک کے عامر عزیز، ایس ای سی پی کے بلال رسول، نیب کے عرفان نعیم منگی، آئی ایس آئی کے نعمان سعید اور ملٹری انٹیلی جنس کے برگیڈیئر کامران خورشید شامل ہیں جو 2 ماہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما فیصلے میں اٹھائے گئے پندرہ سوالوں کے جواب تلاش کریں گے۔

گزشتہ دنوں عدالت نے نیب، آئی ایس آئی اور ملٹری انٹیلی جنس کی جانب سے جے آئی ٹی کے لیے بھیجے گئے نام منظور کر لیے تھے جبکہ اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے نام مسترد کر دیئے گئے۔ عدالت نے دونوں محکموں کے سربراہوں کو ذاتی طور پر طلب کیا تھا اور گریڈ اٹھارہ کے تمام افسران کی فہرست بھی مانگی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم كورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ 20 اپریل کو سناتے ہوئے معاملے كی مزید تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا اور اس ٹیم کی تشکیل کے لیے 6 اداروں سے نام طلب کیے تھے اور قرار دیا تھا کہ عدالت ناموں کا جائزہ لے کر خود جے آئی ٹی تشكیل دے گی جو 15 روز بعد اپنی عبوری رپورٹ عدالت میں پیش كرے گی جب كہ 60 روز میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ کے بینچ کے سامنے جمع کرائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں