کراچی : انٹر بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز

09:42 AM, 5 May, 2025

نیوویب ڈیسک

کراچی: کراچی انٹر بورڈ کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز 5 مئی 2025 سے ہوگیا ہے، جس میں ایک لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبہ و طالبات حصہ لے رہے ہیں۔ ان امتحانات کا پہلا مرحلہ 29 مئی 2025 تک جاری رہے گا۔

انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس، پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس اور سپیشل چانس کے امتحانات بھی ہوں گے۔

سالانہ امتحانات دو شفٹوں میں ہونگے صبح 9 سے 12 بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے، جس میں 92 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوں گے۔ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 سے شام 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات ہوں گے، جس میں 34 ہزار 500 سے زائد امیدوار حصہ لیں گے۔

بورڈ امتحانات کے لئے مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 122 صبح کی شفٹ کے لئے اور 60 شام کی شفٹ کے لئے ہیں۔ ان امتحانی مراکز میں سے 36 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ہر پرچے میں مخصوص کوڈ شامل کیا گیا ہے اور 16 سپر ویجیلینس ٹیمیں امتحانی مراکز کی نگرانی کریں گی۔ موبائل فون، لیپ ٹاپ، ٹیبلٹس اور نقل کے مواد پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ نقل میں ملوث طالب علم کو تین سال کے لئے نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

چیئرمین انٹر بورڈ غلام علی نے واضح کیا ہے کہ واٹس ایپ پر پرچہ اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایف آئی اے سے مدد بھی حاصل کی جائے گی تاکہ پرچہ آؤٹ ہونے کی روک تھام کی جا سکے۔

مزیدخبریں