وزیراطلاعات کا بین الاقوامی ، مقامی میڈیا کے ہمراہ ایل اوسی کادورہ

10:21 AM, 5 May, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کرنے والے مقامی اور عالمی میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد بھارت کے پھیلائے گئے بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا، خاص طور پر ان علاقوں کی حقیقت دکھانا تھا جنہیں بھارت نے دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا تھا۔ میڈیا نمائندوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا، جہاں انہوں نے زمینی حقائق اور مقامی آبادی کی گواہی کا خود مشاہدہ کیا، اور بھارتی دعووں کی حقیقت کو جانا۔

عطاتارڑ نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی پرعزم ہے، اور دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

عطا اللہ تارڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی کوشش کی ہے لیکن اپنی خودمختاری کی حفاظت کے لیے وہ ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے عالمی میڈیا کے سامنے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دے گا۔

وزارت اطلاعات نے پاکستانی اور عالمی میڈیا کے لیے دو روزہ لائن آف کنٹرول کے دورے کا اہتمام کیا تھا، جس میں میڈیا کو وہ مقامات دکھائے گئے جنہیں بھارت نے دہشت گرد کیمپوں کے طور پر پیش کیا تھا۔

مزیدخبریں