نئی دہلی : بھارتی حکومت نے عالمی شہرت یافتہ صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بند کر دیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان سے کشیدگی کے باعث اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت کئی پاکستانی مشہور شخصیات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مواد بھارت میں محدود یا مکمل طور پر بلاک کیے جا رہے ہیں۔ عابدہ پروین، جو کہ صوفی موسیقی کی روحانی آواز کے طور پر عالمی سطح پر جانی جاتی ہیں، اس پابندی کی تازہ ترین شکار ہیں۔
بھارتی صارفین جب عابدہ پروین کے پروفائل تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں پیغام ملتا ہے کہ "یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے کیونکہ قانونی درخواست پر عمل کیا گیا ہے"۔
عابدہ پروین کے گانے جیسے "میں نرائے مستانہ"،"تو جھوم"، "پردہ داری"، "چھاپ تلک" اور "آقا" نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ وہ صوفیانہ موسیقی کے ذریعے محبت اور انسانیت کا پیغام پھیلاتی ہیں، اور ان کا فن ہمیشہ دلوں کو جوڑنے اور روحانیت کو فروغ دینے کا سبب بنا ہے۔
اس پابندی پر سوشل میڈیا پر بھارتی اور پاکستانی مداحوں نے شدید افسوس اور ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کئی صارفین نے اس فیصلے کے سکرین شاٹس شیئر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فن اور موسیقی کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھا جائے۔ ایک بھارتی مداح نے کہا، "عابدہ پروین کی آواز دلوں کو جوڑتی ہے، اسے سرحدوں میں قید کرنا افسوسناک ہے۔"