ایس ایم تنویر کا سٹیٹ بینک سے مانیٹری پالیسی میں سنگل ڈیجٹ مارک اپ ریٹ کا مطالبہ

03:50 PM, 5 May, 2025

لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر نے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لائے تاکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ ایس ایم تنویر نے ایک بیان میں کہا کہ کاروباری برادری کو گزشتہ مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں نمایاں کمی کی امید تھی، تاہم سٹیٹ بینک نے ان کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکامی کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سخت مالیاتی پالیسی نہ صرف نجی شعبے کے لیے قرض کے حصول کو مشکل بنا رہی ہے بلکہ سرمایہ کاری کے امکانات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈبل ڈیجٹ شرح سود نے کاروباری لاگت میں اضافہ کر دیا ہے، جو صنعتوں کی ترقی اور کاروباری وسعت میں بڑی رکاوٹ ہے۔ایس ایم تنویر نے وفاقی حکومت اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی معاشی بحالی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کو اسٹیٹ بینک کی غیرلچکدار پالیسی سے نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کے بقول، "جب حکومت معیشت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تو سٹیٹ بینک کی جانب سے سخت مانیٹری پالیسی ان کوششوں کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔"
انہوں نے زور دیا کہ سنگل ڈیجٹ مارک اپ ریٹ سے کاروباری لاگت میں کمی آئے گی، سرمایہ کاری بڑھے گی اور معیشت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری آئندہ مانیٹری پالیسی کے اعلان کی منتظر ہے اور توقع رکھتی ہے کہ اسٹیٹ بینک معاشی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گا۔

مزیدخبریں