اسلام آباد / کوئٹہ: کھیل کے میدان سے پاکستان کے لیے ایک اور بڑی اور خوش آئند کامیابی سامنے آئی ہے۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز پاکستانی فائٹر شاہزیب رند نے عالمی سطح پر ملک کا پرچم سر بلند کرتے ہوئے امریکی حریف کو عبرتناک شکست دے دی۔
لائٹ ویٹ کیٹیگری کے اس سنسنی خیز مقابلے میں شاہزیب رند کا سامنا معروف امریکی یو ایف سی فائٹر آندرے ایول سے تھا۔ پاکستانی فائٹر نے مقابلے کے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور اپنی مہارت سے حریف کھلاڑی کو بے بس کر دیا۔
شاہزیب رند نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کے دوسرے راؤنڈ میں آندرے ایول کو ناک آؤٹ کر دیا، جس کے ساتھ ہی وہ فاتح قرار پائے۔ اس جیت کے ساتھ ہی شاہزیب رند نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستانی نوجوان کسی بھی بین الاقوامی پلیٹ فارم پر دنیا کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاکستانی فائٹر کی اس کامیابی پر کھیل کے حلقوں اور مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر شاہزیب رند کی فتح کے چرچے ہیں اور اسے پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) کے لیے ایک نیا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی افق پر پاکستان کا نام روشن: شاہزیب رند نے امریکی یو ایف سی فائٹر کو ناک آؤٹ کر دیا
11:55 AM, 5 May, 2026