بھارت کا پہلگام واقعے کی آڑ میں سویلین اہداف پر حملہ، سپیکر پنجاب اسمبلی کا خصوصی سیشن بلانے کا اعلان

01:25 PM, 5 May, 2026

لاہور: بھارت نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی تحقیقات کے پہلگام واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا ہے۔ اس بے بنیاد الزام تراشی کے بعد بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول (LoC) کے قریب سویلین اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس پر پاکستان کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے پہلگام میں ہونے والے واقعے کو جواز بنا کر اشتعال انگیزی کی اور پاکستانی حدود میں شہری آبادی پر گولہ باری کی ہے۔ سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ہمیشہ کی طرح پاکستان کے خلاف "فالس فلیگ آپریشن" اور بلاجواز حملوں کا سہارا لے رہا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے بھارتی الزامات اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اہم اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پنجاب اسمبلی میں "معرکہ حق" کے عنوان سے ایک خصوصی سیشن منعقد کیا جائے گا۔سپیکر کا کہنا تھا کہ اس سیشن کا مقصد عالمی برادری کو بھارت کے مذموم عزائم سے آگاہ کرنا اور مسلح افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ اسمبلی میں ہونے والی بحث کے ذریعے یہ واضح کیا جائے گا کہ کس طرح بھارت بغیر ثبوت کے الزامات لگا کر خطے کے امن کو داؤ پر لگا رہا ہے۔
موجودہ کشیدگی کے بعد سرحدوں پر صورتحال انتہائی حساس ہو گئی ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کے دفاع کا بھرپور حق رکھتا ہے اور کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پوری قوم اور تمام سیاسی قیادت بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے۔

مزیدخبریں