چارسدہ: چارسدہ میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران معروف عالم دین اور شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مولانا محمد ادریس صبح اپنے گھر سے مدرسے کے لیے روانہ ہو رہے تھے کہ راستے میں حملہ آوروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔