چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس، انسدادِ دہشت گردی اور قومی سلامتی پر زور

06:23 PM, 5 May, 2026

راولپنڈی:  چیف آف ڈیفنس فورسز ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور علاقائی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی قومی سلامتی، اتحاد اور استحکام کی بنیاد ہیں۔

اجلاس میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاری، جنگی صلاحیتوں اور انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے کہا کہ ملک بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے اور دہشت گرد نیٹ ورکس اور ان کے معاون ڈھانچے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

کانفرنس میں افغانستان کی سرزمین سے مبینہ دہشت گرد عناصر کو ملنے والی پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد اور پروپیگنڈا قرار دیا گیا۔ فورم نے واضح کیا کہ پاکستان کی کارروائیاں صرف دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کے خلاف ہیں۔

اجلاس میں خطے کی مجموعی جیو پولیٹیکل صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور کشیدگی میں کمی، تحمل اور ذمہ دارانہ رویے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

مزیدخبریں