شام، داعش اور ایس ڈی ایف میں جھڑپیں، 43 جنگجو ہلاک

شام، داعش اور ایس ڈی ایف میں جھڑپیں، 43 جنگجو ہلاک
کیپشن: شامی ڈیموکریٹک فورسز کو امریکی حمایت حاصل ہے اور اس کے جنگجوؤں میں زیادہ تر کرد شامل ہیں۔۔۔۔۔فائل فوٹو

دمشق: شام کے مشرقی علاقے میں داعش کے حملے میں امریکی حمایت یافتہ شامی گروپ کے 12 جنگجو ہلاک اور 20 زخمی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں داعش کے 31 جنگجوؤں کے مارے جانے اور متعدد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

مانیٹرنگ گروپ کے مطابق شام کے صوبے دیرالزور میں داعش کے جنگجوؤں نے عراقی سرحد سے متصل علاقے میں کار بم دھماکا کیا۔

بم حملے کے بعد داعش کی امریکی حمایت یافتہ شامی ڈیموکریٹک فورسز سے جھڑپیں ہوئیں۔ جن میں ایس ڈی ایف کے 12 جنگجو مارے گئے تاہم شامی فورسز نے ان ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔

شامی ڈیموکریٹک فورسز نے داعش کے خلاف جوابی کارروائی کی جس کے دوران 31 داعش جنگجو ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے جبکہ داعش ہی کی دو گاڑیاں تباہ کر دی گئیں جن میں سے ایک میں بارود لدا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز کو امریکی حمایت حاصل ہے اور اس کے جنگجوؤں میں زیادہ تر کرد شامل ہیں۔