پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی

08:39 AM, 5 Nov, 2025

فیصل آباد : پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ون ڈے میچ میں 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں ہونے والے اس سنسنی خیز میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 264 رنز کے ہدف کو آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا نے 62، محمد رضوان نے 55 اور فخر زمان نے 45 رنز بنائے، جس کی بدولت پاکستان جیت کے قریب پہنچا۔ صائم ایوب نے 39 رنز بنائے، تاہم محمد نواز 9 اور بابر اعظم صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ جارج لنڈے اور بجورن فورچوئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں، پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ جنوبی افریقا کی ٹیم نے 263 رنز بنائے اور پوری ٹیم آخری اوور میں آؤٹ ہوگئی۔ کوئنٹن ڈی کوک اور وان ڈرے پریٹوریئس نے 98 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، تاہم پریٹوریئس 57 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ڈی کوک نے 63 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن وہ نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پروٹیز کے کپتان میتھیو بریٹزکے نے 42 رنز بنائے، اور سینیتمبا قیشیلے 22 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ ڈونووین فریرا اور جارج لنڈے نے 3 اور 2 رنز بنائے، جبکہ کاربن بوش نے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

پاکستان کی بولنگ کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب نے 2، اور محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی سکواڈ:
فخر زمان، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسین طلعت، حسن نواز، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔

جنوبی افریقی ٹیم:
کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، لوان-ڈرے پریٹوریئس، ٹونی ڈی زورزی، میتھیو بریٹزکے (کپتان)، سینیتمبا قیشیلے، ڈونووین فریرا، جارج لنڈے، کاربن بوش، بیورن فورٹین، لنگی نگیڈی اور لیزاد ولیمز۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی، جبکہ ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزیدخبریں