2025 کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر نظر آئے گا

01:47 PM, 5 Nov, 2025

اسلام آباد: 2025 کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون آج شام آسمان پر نظر آئے گا، جو پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔ سپر مون اس وقت ہوتا ہے جب مکمل چاند زمین کے قریب ترین فاصلے پر پہنچتا ہے، جس کی وجہ سے چاند کا حجم معمول سے بڑا اور روشنی زیادہ شدت سے دکھائی دیتی ہے۔

پاکستان کے قومی ادارے سپارکو کے ترجمان کے مطابق، آج شام 6 بج کر 19 منٹ پر چاند اپنی روشنی کے عروج پر ہوگا اور زمین سے قریب ترین فاصلے پر پہنچ جائے گا۔ اس وقت چاند کا زمین سے فاصلہ 221,817 میل رہ جائے گا، جس کی وجہ سے چاند معمول کے حجم سے 9.7 فیصد تک بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔

یہ سپر مون اس سال کے تین سپر مونز میں سے دوسرا ہے، جو اپنے حجم اور روشنی میں غیر معمولی اضافے کے ساتھ نظر آئے گا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق، پاکستان میں موسم سرما کی صاف آسمان کے باعث اس منظر کو اور بھی زیادہ واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

شہروں سے دور اور کم روشنی والے علاقوں میں یہ قدرتی منظر سب سے زیادہ خوبصورت نظر آئے گا۔ سپر مون کا یہ منظر نہ صرف فلکیاتی اعتبار سے اہم ہے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی ایک دلکش تجربہ ثابت ہوگا۔

سپارکو نے عوام کو یہ بھی بتایا ہے کہ چاند طلوع ہونے کے فوراً بعد ہی اسے بہترین طریقے سے دیکھا جا سکے گا۔ یہ قدرتی نظارہ سائنس کے شائقین اور عام افراد دونوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگا۔

یاد رہے کہ یہ اس سال کا دوسرا سپر مون ہے، اور اس کا اگلا نظارہ دسمبر میں کیا جا سکے گا۔

مزیدخبریں