صدرِ مملکت آصف زرداری کی چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات

12:40 PM, 5 Nov, 2025

دوحہ: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔

صدر زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کوششوں اور علاقائی امن کے لئے کی جانے والی مدد کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔

چینی نائب صدر ہان ژنگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان کی ترقی میں سی پیک کے دوسرے مرحلے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سی پیک کے ترقیاتی منصوبے خاص طور پر ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، زراعت اور ووکیشنل تربیت جیسے شعبوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔

صدر زرداری نے سی پیک کے دوسرے مرحلے کو اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے دور کا آغاز قرار دیتے ہوئے چین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو مزید استحکام ملے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ باہمی اعتماد، احترام اور علاقائی خوشحالی کے وژن پر مبنی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے اور عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں