کیلیفورنیا:اوپن اے آئی نے اپنی مقبول سورا AI ویڈیو سوشل ایپ اب اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کرا دی ہے۔ یہ ایپ پہلے چند ہفتے قبل آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے جاری کی گئی تھی اور ابتدائی 5 دنوں میں اسے 10 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔
سورا ایپ چیٹ جی پی ٹی کی موبائل ایپ کے مقابلے میں زیادہ مقبول ہوئی اور توقع ہے کہ گوگل پلے اسٹور پر بھی اسی طرح کی مقبولیت دیکھنے کو ملے گی۔ یہ آڈیو اور ویڈیو جنریشن ماڈل حقیقی اور مستند نظر آنے والی ویڈیوز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ تازہ ترین سورا 2 ویڈیو جنریشن ماڈل بھی متعارف کروا دیا گیا ہے۔
ایپ میں ٹک ٹاک جیسی فیڈ موجود ہے جہاں صارفین دیگر لوگوں کی AI ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیمو ٹول کے ذریعے صارفین خود اپنی ویڈیوز کے اسٹار بن سکتے ہیں۔
ابتدائی طور پر سورا ایپ امریکا، کینیڈا، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ دیگر خطوں میں اس کی دستیابی کے لیے کام جاری ہے۔ صارف اپنی مرضی کے مطابق ہدایات دے کر AI ویڈیوز تیار کر کے فیڈ میں شیئر بھی کر سکتے ہیں۔
سورا ایپ شروع میں انوائیٹ اونلی تھی، لیکن اب محدود وقت کے لیے ہر کسی کے لیے دستیاب ہے۔