'عمران خان 6 آدمیوں کو رہا کر دے تو تحریک کا دھڑن تختہ ہو جائے گا'

'عمران خان 6 آدمیوں کو رہا کر دے تو تحریک کا دھڑن تختہ ہو جائے گا'
کیپشن: بھارت سرحد پر چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے اور حالات نارمل نہیں ہیں، شیخ رشید۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں مسافر ٹرینوں سے 10 ارب روپے کا منافع کمایا گیا ہے اور دورہ چین میں ایم ایل 2 کی داغ بیل بھی رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان سے کہتا ہوں کہ 27 اکتوبر میں دو ہفتے پڑے ہیں اس دوران کچھ ہوا تو سارہ ملبہ آپ کے سر پر جائے گا اور مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی اپوزیشن کو رسوا کرایا ہے۔ ان کے کہنے پر چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں اپوزیشن رسوا ہوئی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان آپ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو استعمال کرنے جا رہے تھے لیکن آپ کواستعمال کیا جا رہا ہے۔ آپ جو افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ ٹھیک نہیں اور آگے کھائی پیچھے کنواں ہے اس تحریک کا نقصان کشمیرکاز کو ہو گا۔ بھارت سرحد پر چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے اور حالات نارمل نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے نہایت ذمہ داران بیان دیا ہے وہ ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ دھرنے کے کیا نتائج نکلیں گے البتہ شہباز شریف کی سمجھ نہیں آتی۔ شہباز شریف یا ادھر ہوں یا ادھر، شہباز شریف سے کہتا ہوں پہلے جیسی سیاست کا وقت ختم ہو گیا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان 6 آدمیوں کو رہا کر دے یہ ساری تحریک کا دھڑن تختہ ہو جائے گا۔ عمران خان کو ایک سال پہلے کہا تھا کہ ان کو لوٹی ہوئی دولت بھی نصیب نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان جو کھیل کھیلنے جا رہے ہیں اس میں وہ خود پھنسیں گے اور سارے لوگ فضل الرحمان کو آگے کر کے کوئی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ڈبل شاہ نہ بنیں اور نہ ہی ڈبل گیم کریں۔ قومیں حملوں سے نہیں معیشت سے تباہ ہوتی ہیں اور شہباز شریف اسلامی ممالک کو یہ جتانا چاہتے ہیں کہ میں نواز شریف کو سمجھانے کی بڑی کوشش کر رہا ہوں۔