پی سی بی کا نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز منسوخی پر ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ

07:30 PM, 5 Oct, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز منسوخ ہونے کے باعث شائقین کرکٹ کو ٹکٹوں کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس حوالے سے بینکوں کی لسٹیں جاری کر دی ہیں جن کے مطابق بینک شائقین کرکٹ کے اکاؤنٹس میں ٹکٹوں کے پیسے واپس بھیج دیں گے۔ 
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے تاریخی سیریز کے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر اچانک سیریز منسوخ کر دی تھی۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے اس فیصلے کے بعد ناصرف پاکستان کے سابق کرکٹرز، ماہرین کرکٹ اور شائقین کرکٹ نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا بلکہ متعدد غیر ملکی کرکٹرز نے بھی اس فیصلے کی مخالفت کی گئی تھی۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے سیریز منسوخ کئے جانے کے چند روز بعد انگلینڈ نے بھی رواں ماہ دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا تاہم اس کی وجہ سیکیورٹی کی بجائے کھلاڑیوں کی صحت بتائی گئی۔ 
انگلینڈ کے اس فیصلے پر پاکستانیوں میں ایک بار پھر غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور انگلینڈ کے سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی اس فیصلے پر تنقید کی گئی جس کے باعث بورڈ کے سربراہ نے معافی مانگتے ہوئے اگلے سال پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا۔ 

مزیدخبریں