نیتن یاہو نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں مزید شدت کا عندیہ دے دیا

03:29 PM, 5 Oct, 2025

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں مزید تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے اگر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس جنگ بندی کے معاہدے کو قبول نہ کرے۔ نیتن یاہو نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وفد جلد مصر کے دارالحکومت قاہرہ جائے گا تاکہ جنگ بندی کے نفاذ کے حوالے سے بات چیت کی جا سکے اور ایک واضح ٹائم لائن ترتیب دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حماس کے پاس اس معاہدے کو قبول کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے اور تنظیم کو غیر مسلح کیا جائے گا، چاہے وہ سفارتی راستے سے ہو یا فوجی طاقت کے ذریعے۔ نیتن یاہو نے مزید کہا کہ امریکہ کو بھی حماس کو غیر مسلح کرنے کے عزم سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ امن منصوبے کو بڑی حد تک قبول کر لیا ہے لیکن برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر کے مجوزہ کردار پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مصری میڈیا کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان بلواسطہ مذاکرات اتوار اور پیر کو ہوں گے جن میں تمام یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق تفصیلات طے کی جائیں گی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے بھی حماس کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تنظیم تیزی نہیں دکھائے گی تو تمام شرائط ختم کر دی جائیں گی اور وہ غزہ میں دوبارہ کسی خطرے کو برداشت نہیں کریں گے۔

غزہ پر اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 66 فلسطینی شہید اور 265 زخمی ہو چکے ہیں، جو علاقے میں جاری کشیدگی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

مزیدخبریں