سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی حراست میں محفوظ، تمام پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے اقدامات جاری ، ترجمان دفتر خارجہ

11:30 AM, 5 Oct, 2025

اسلام آباد : پاکستان کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ صمود فلوٹیلا میں سوار پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر کچھ پاکستانیوں کو حراست میں لیا ہے، جس کی تصدیق سفارتی چینلز کے ذریعے ایک دوست یورپی ملک کی مدد سے ہوئی ہے۔

ترجمان نے خاص طور پر سابق سینیٹر مشتاق احمد کے حوالے سے کہا کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کی تحویل میں ہیں، لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد کو جلد ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پہلے بھی ان افراد کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے گئے تھے اور اس ضمن میں برادر ممالک کی مدد کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان بیرون ملک اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح سرگرم ہے اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں