وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر برہمی کا اظہار ، شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دے دیا

01:20 PM, 5 Oct, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں اور خاص طور پر بچوں کا زخمی ہونا ناقابل قبول ہے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر اس مسئلے کا مستقل حل نکالنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بات 3 گھنٹے جاری رہنے والے ویڈیو کانفرنس اجلاس میں کہی، جس میں صوبے کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اپنی کارکردگی پیش کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے الیکٹرو بس سروس کے لیے ہر اسٹاپ پر مخصوص بس اسٹینڈ بنانے کی ہدایات دیں اور فلڈ سروے کی مانیٹرنگ کے لیے شفاف اور مستند ڈیٹا فراہم کرنے پر زور دیا۔

علاوہ ازیں، سرکاری سکولوں کے سامنے سڑکوں پر زیبرا کراسنگ اور اسکولوں کے قریب رفتار کم کرنے کے لیے بورڈز نصب کرنے کے احکامات بھی دیے گئے تاکہ طلبہ کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

مریم نواز نے پنجاب بھر میں 5 ہزار سے زائد واٹر فلٹریشن پلانٹس کی دیکھ بھال، مرمت اور مانیٹرنگ کو بھی اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے ہسپتالوں کے اچانک دوروں کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ روٹی کے سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو بھی سختی سے یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔

اجلاس میں صفائی کے شعبے کے لیے نئے ورکرز کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی، تاکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں