گجرات : گجرات میں جاری زبردست بارشوں اور دریاوں میں پانی کی بڑھتی سطح کے باعث سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے کل جمعہ کو ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گجرات کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ و اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ اسکول، کالجز، مدارس اور دیگر تعلیمی ادارے کل بند رہیں گے تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور نشیبی علاقوں میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں مکمل طور پر چوکس ہیں۔ والدین سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر جانے سے روکیں۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ موسم کی صورتحال کے مطابق آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور عوام کو بروقت معلومات فراہم کی جائیں گی۔
شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔